بھٹکل 23 مارچ (ایس او نیوز) جالی پٹن پنچایت حدود کے کارگیدے میں بندر کا حملہ جاری ہے اور مزید لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ تازہ واردات آج بدھ شام قریب پانچ بجے پیش آئی جب ایک بائک سوار پر بندر نے اچانک حملہ کردیا اور اس کے بازو کو زخمی کردیا۔ زخمی نوجوان کی شناخت عمر بلال (35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ اس کو بھٹکل سرکاری اسپتال لے جاکر ضروری انجکشن اور ٹانکے لگانے کے بعد مرہم پٹی کی گئی ہے۔ عمر بلال نے بتایا کہ وہ مخدوم کالونی کا رہنے والا ہے، اپنے دو بچوں کے ساتھ بائک پر سوار رشتہ دار کے ہاں جارہا تھا کہ کارگیدے میں اچانک بندر اس کے کندھے پر چڑھ گیا، بلال نے فوراً اپنی بائک کو روک کر بندر کو جھٹکا دیا ، جس کے دوران وہ دوبارہ اُس پر جھپٹ پڑا اور بازو کو اپنے ناخنوں سے زخمی کردیا۔ مقامی لوگ فوری طور پر اس کی مدد کو پہنچ گئے اور سرکاری اسپتال پہنچایا۔ اس کے شرٹ کا ایک حصہ خون سے لت پت ہوگیا تھا۔
کارگیدے کے لوگوں نے بتایا کہ منگل شب کو بھی بندر نے ایک عمر رسیدہ خاتون پر حملہ کیا تھا اور اُسے زخمی کیا تھا جس کی شناخت منگلی سونّو گونڈا (72) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ وہ کارگیدے کے قریب ہورولی میں اپنے مکان کے باہر تھی جب بندر نے اسے زخمی کردیا۔ اسی طرح مقامی لوگوں کی دی گئی ا طلاع کے مطابق پیر کو بھی اُسی بندر کے حملے میں ایک 35 سالہ نوجوان تمپّا گونڈا بھی زخمی ہوا ہے۔
بندر کے روز روز بڑھتے حملوں کو دیکھتے ہوئے محکمہ جنگلات کے اہلکار بندر کو پکڑنے کی کوششوں میں لگے ہوئے تھے، اس دوران دو روز قبل اہلکاروں نے ایک بندر کو بھی پکڑ کر لے گئے تھے، جس کے بعد لوگ راحت کی سانس لے رہے تھے، مگر بتایا جارہا ہے کہ حملہ کرنے والا بندر اپنی کارستانیوں کو انجام دینے میں مسلسل لگا ہوا ہے اور جس بندر کو محکمہ جنگلات کے اہلکار پکڑ کر لے گئے تھے، وہ کوئی دوسرا بندر ہے۔
حملوں کے تازہ واقعات کے بعد محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کا پھر پریشان ہونا یقینی ہے۔